التسميات

الأحد، 13 فبراير 2022

بچوں پر شفقت رسول پر ایک تبصرہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم، والصلاہ والسلام علی رسولہ الکریم اما بعد ۔ معاشرتی زندگی میں رویہ کو بہت اہمیت حاصل ہے، خاص طور پر شفقت ومحبت کو کہ مذہب اسلام نے ہر ایک کو اس پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے ، جہاں پر چھوٹوں کو عزت کرنے کا حکم دیا ، وہیں پر بڑوں کو شفقت کرنے حکم دیا، اس لحاظ سے رسول اکرم ۔صلی اللہ علیہ و سلم ۔کی ذات مبارکہ ایک الگ شناخت رکھتی ہے، خصوصا بچوں پر شفقت کے لحاظ سے نبی اکرم کی ذات ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ زیر نظر رسالہ حضور استاذ محترم علامہ ابوالفواد توحید احمد علیمی طرابلسی (استاذ دارالعلوم اھل سنت حبیب الرضا، بگی روڈ، گونڈہ) کا ہے، جسے میں نے بنظر عمیق مطالعہ کیا، جو اس پر فتن دور میں ایک رہبر کی حیثیت رکھتا ہے، اس دور میں معاشرتی مسائل میں مغربی تہذیب نے اپنا رنگ جما رکھا ہے، چاہے وہ نوخیز کلیوں کے اسما کا تعین، یا پھر اور کچھ جب کہ اس پر فتن دور میں لوگوں کے اندر بہت ساری رسم جاہلانہ نے جنم لے رکھا ہے۔ صاحب رسالہ نے "بچوں پر شفقت رسول" نامی رسالہ لکھ کر ان رسموں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے، اور اس رسالے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں جن آیات، اور احادیث مبارکہ سے استفادہ کیا گیا ہے، ان کو بحوالہ ذکر کیا گیا ہے اور رسالے کے آخر میں مصادر ومراجع کو یک جا کر دیا ہے، رسالہ کا طرز بیاں عام اور تطویل واختصار مخل سے خالی ہے جس سے امید ہے کہ عام مسلمانوں کو اس سے زیادہ فائدہ ہو گا ۔ اللہ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مصنف موصوف کو مزید خدمت دین کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین ۔صلی اللہ علیہ و سلم ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔عبدہ المذنب عبدالحلیم الرضوی، متعلم دارالعلوم اھل سنت حبیب الرضا،گونڈہ- بروز شب جمعہ مبارکہ 22جمادی الآخر 1442ھ 4فروی 2021ء

حضرت مولانا شاہد سعدی صاحب کا تبصرہ

ماشاءاللہ! میں نے دیکھا ہے کہ محب گرامی حضرت مولانا ابوالفواد توحید احمد علیمی طرابلسی صاحب زید مجدہم اک جواں سال، باصلاحیت اور بڑے متحرک عالم دین ہیں، اللہ تعالیٰ نے انھیں مطالعہ کی وسعت، تحلیل و تجزیہ کی لیاقت اور اسلامی افکار و نظریات کو بہترین ، عام فہم اور سادہ انداز میں پیش کرنے کی صفت سے نوازا ہے۔ علم سے گہری وابستگی، سادہ مزاجی اور مجلس احباب میں ان کی اعلی اخلاقی اور ملنساری یہ سب ان کے وہ خصائص ہیں جو انھیں اپنے حلقۂ احباب میں مزید پروقار اور محبوب بنا دیتے ہیں۔ موصوف فی الحال گونڈہ کی سرزمین "دارالعلوم اہل سنت حبیب الرضا" بگی روڈ میں تدریسی خدمات پر مامور ہیں۔ اس مصروفیت کے باوجود ان کی یہ خلوص وللہیت ہی ہے کہ ملت اِسلامیہ کی رہبری کے لیے لخت لخت موضوعات پر ان کے درجنوں مقالات اور کتابیں ہندوپاک کی سرزمین پر حیاتِ نو کا پیغام دے رہی ہیں۔ دعا ہے رب کریم ان کو صحت و عافیت اور خیر سے بھری لمبی عمر نصیب فرمائے اور زیادہ سے زیادہ خدمات دین کی توفیق بخشے۔ آمین ✍️ #شاہدسعدی 30/03/2021ء