التسميات

الخميس، 15 يناير 2026

کتابی ہدیہ

سنی دعوت اسلامی کے 2025 کے بابرکت اجتماع کے موقع پر ایک کہنہ مشق قلم کار، ممتاز عالمِ دین اور مخلص داعیِ اسلام حضرت مفتی محمد مجاہد حسین حبیبی صاحب سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ یہ ملاقات نہایت خوشگوار، ایمان افروز اور یادگار ثابت ہوئی۔ پہلی ہی نشست میں آپ کو نہایت باوقار، خوش اخلاق، منکسر المزاج اور علم وعمل کا پیکر پایا۔ گفت گو کے دوران آپ کی دینی بصیرت اور امت کے تئیں درد و احساس نمایاں طور پر جھلکتا رہا۔ مفتی صاحب کی زندگی کا ہر پہلو مجاہدہ، محنت اور خلوص سے عبارت ہے۔ آپ جہاں ایک بلند پایہ قلم کار ہیں، وہیں امتِ مسلمہ کے نَو نہالوں کو زیورِ علم و ادب سے آراستہ کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں بھی ہیں۔ اسی عظیم مقصد کے تحت آپ نے بنگال کی سرزمین پر مدینۃ العلوم انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد رکھی ہے، جو دینی وتعلیمی سرگرمیوں کا ایک روشن مرکز بنتا جا رہا ہے۔ آپ شب وروز اس ادارے کی تعمیری وتعلیمی ترقی کے لیے فکرمند اور سرگرمِ عمل ہیں اور یہ ادارہ آپ کی اخلاص بھری کاوشوں کا زندہ ثبوت ہے۔ تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی مفتی محمد مجاہد حسین حبیبی کا مقام نہایت بلند ہے۔ آپ کی قلمی خدمات کا دائرہ وسیع اور اثر انگیز ہے۔ آپ کی معروف اور مقبول تصانیف میں امام احمد رضا: حیات و خدمات، تاج الشریعہ: حیات و خدمات، مختصر سیرتِ رسولِ عربی ﷺ، اسلام اور خدمتِ خلق، کوثر و تسنیم، محبتِ رسول، عظمتِ رسول، میلادِ رسول خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ بھی متعدد علمی واصلاحی کتابیں آپ کے قلم کی سوغات ہیں، جن کی تعداد سو سے متجاوز ہو چکی ہے، جو آپ کی علمی جدوجہد، فکری وسعت اور دینی غیرت کا روشن ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مفتی صاحب جیسے شفیق، باہمت اور مخلص افراد جماعتِ اہلِ سنت میں مزید پیدا فرمائے، ان کی علمی ودعوتی خدمات کو قبول فرمائے، ان کے ادارے کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی عطا کرے اور ان کے عزائم ومقاصد کو پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔ ابو الفواد توحید احمد طرابلسی

ليست هناك تعليقات:

إرسال تعليق