التسميات

الأربعاء، 12 يناير 2022

رزقہ احمد بنت ابو الفواد توحید احمد طرابلسی

رزقہ احمد بنت ابو الفواد توحید احمد طرابلسی ولادت 23/ دسمبر 2021، بروز جمعرات، بوقت آٹھ بج کر دس منٹ شام بعد مغرب

سیاست حاضرہ اور اویسی صاحب کے نام نعمانی صاحب کانامہ

نام نہاد سیکولر پارٹیاں اویسی کو گٹھ بندھن میں لینے کے لیے تیار نہیں ہیں، انھیں خوف ہے کہ اگر مسلم اکثریتی علاقے والی دس بارہ سیٹ بھی اویسی کو دے دیں گے تو ووٹ متحد ہونے کی بنا پر جیت جائے گا، پھر مسلمانوں کو سیاسی حصے داری دینی ہوگی، اور اگلے الیکشن میں مزید مسلم علاقوں کی سیٹ بھی دینی پڑے گی، اس کے برعکس اویسی کو اگنور کرنے میں انھیں فائدہ دکھ رہا ہے، مسلم دری بچھانے اور ای رکشہ میں ہی خوش ہیں، کچھ لوگ مخالفت کر رہے تو یہ چند لاکھ ووٹر کیا کر لیں گے؟ اگر یہ نام نہاد سیکولر پارٹیا ہار جائیں گی تو کہتے پھریں گی کہ اویسی نے ہرا دیا۔ نعمانی صاحب کہہ رہے ہیں کہ چالیس پچاس سال قبل سیاسی مضبوطی لانی چاہیے تھی، مگر نعمانی صاحب یہ بھول گئے کہ ہر الیکشن مسلمانوں کے لیے زندگی اور موت کے سوال پر لڑا گیا ہے، آج بھی وہی حالات بنے ہوئے ہیں، اب تو حالات نازک تر ہوگئے ہیں، اگر اب بھی نہ جاگے تو آنے والا وقت اور بدتر ہوگا، سیانے کہہ گئے ہیں جب جاگو تبھی سویرا، جو لوگ اپنی قوم کو متحد کرنے، اور ان میں سیاسی حصے داری کا شعور پیدا کرنے کی بجائے اغیار کے جوتے چاٹنے میں خوش ہیں انھیں کسی صورت سمجھایا نہیں جا سکتا، ایسے لوگ کبھی بھی قوم کے لیے سود مند نہیں ہوسکتے ہیں، قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو متحد ہوتی ہیں، جو اپنوں کو جتانے اور اور ان کو آگے بڑھانے کے لیے سعی کرتی ہیں، مگر یہاں تو دوسروں کو جتانے میں اپنی جیت سمجھی جا رہی ہے، ستر سال سے یہی کرتے آرہے ہیں، نتیجہ ہر بار صفر آتا ہے، مگر پھر اسی روش پر لگ جاتے ہیں، ہر بار ظلم کے نئے پہاڑ توڑے جاتے ہیں مگر دل سے سیکولر پارٹیوں کی محبت نکلنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔

الجمعة، 7 يناير 2022

حضرت علامہ محمد تفسیر القادری قیامی حیات وخدمات

گناہوں سے اجتناب قرآنی نقطہ نگاہ سے پر مولانا بلال احمد نظامی صاحب کا تبصرہ

#گناہوں_سےاجتناب "قرآنی نقطہٕ نگاہ سے" بلال احمد نظامی مندسوری، رتلام فاؤنڈر: تحریک علمائے مالوہ ____________________ گناہ جس طرح اخروی نقصان اور عذاب کا سبب ہے بعینہ دنیوی نقصان اور بے برکتی کا سبب بھی ہے، گناہ کے سبب دل بے نور ہو کر سیاہ اور زنگ آلود ہوجاتا ہے، جس کے سبب بندہ نور الہی، معرفت الہی، رحمت الہی، لذت نماز اور کار نیک سے کوسوں دور ہو جاتا ہے، پھر دل بے چین رہتا ہے، بے چینی، ڈپریشن اور فکر دنیا اسے اس طرح جکڑ لیتی ہے کہ کہیں بھی سکون میسر نہیں آتا، اطمینان قلب وذہنی سکون کے لیے بندہ مارا مارا پھرتا ہے، کبھی سینیما بینی، کبھی شراب وسگریٹ نوشی میں سکون وقرار تلاش کرتا ہے تو کبھی ذہنی وجسمانی عیاشی کے اڈوں پر بے چینی کا علاج ڈھونڈتا ہے؛ لیکن پھر بھی کہیں سکون وقرار نصیب نہیں ہوتاہے۔ ایسے بندوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ قرار قلب وسکون دل کی دوا اور بے چینی کا علاج الله رب العزت نے اپنی مقدس کتاب قرآن مجید میں نازل فرمایا ہے، جس سے بندہ ہدایت ورہنمائی لے کر اپنی بے چینیوں کا علاج کر سکتا ہے۔ گناہوں کے سبب ہونی والی انھیں بے چینیوں کے علاج، اسباب اور تدارک کی طرف رہ نمائی کرنے کے لیے فاضل گرامی ابوالفواد حضرت مولانا توحید احمد علیمی طرابلسی جمداوی صاحب قبلہ نے زیر تبصرہ کتاب "گناہوں سے اجتناب؛ قرآنی نقطہٕ نگاہ سے" تالیف فرمائی ہے، جس میں کتابِ ہدایت قرآن مقدسہ کی بہتر (72) آیتوں سے گناہوں کے دنیوی واخروی مفسدات اور ان سے اجتناب کے احکام نیز ذہنی، فکری اور دلی اطمینان وسکون حاصل کرنے کے نسخہائے کیمیا رقم فرمائے ہیں، ساتھ ہی ساتھ الله کے عذاب وعتاب سے ڈرایا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب تقسیم نفس، نیکی کی رغبت، بدی سےتنفر، نیکوں کی مجالست، بدوں سے اجتناب، مصیبت اور صبر، نیکی مسرت لاتی ہے، نیکی اور حیات دنیاوی، نیکی اور حیات اخری، آخرت میں سر بلندی، نیکی وبدی کا ملاحظہ، مے نوشی، زنا سے بے رغبتی کا قرآنی طریقہ، قتل وغارت گری پر قدغن، لوگوں کا حساب قریب ہے، فضیلت توبہ، خوف خدا، الله تعالی بندوں پر رحیم وکریم ہے، مکان تعذیب جیسے خوب صورت مشمولات پر مشتمل ہے، جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ مؤلف موصوف نے نہایت جاں سوزی اور جاں فشانی کے ساتھ اس کتاب کو تالیف فرمایا ہے۔ ہر عنوان کے ساتھ بطور استدلال قرآنی آیات واحادیث نبویہ کے ساتھ نکتہ آفرینی مؤلف موصوف کی دقت نظر، وسعت مطالعہ، بالغ نظری اور علمی ذوق کا بین ثبوت ہے۔ املا وتحقیق وتخریج میں جدید تقاضوں کا بھر پور خیال رکھا ہے، نہایت شستہ شائستہ سلیس آسان عام فہم اسلوب جس سے عام قاری بھی بہ آسانی استفادہ کر سکتا ہے۔ کتاب کی ابتداء کرتے ہوئے قرآن کریم کتاب ہدایت کے ذریعہ ہدایت یافتہ ہونے کے تعلق سے موصوف خامہ فرسائی کرتے ہوئے لکھتے ہیں: "نیکی پر حوصلہ افزائی اور بدی پر قدغن آرائی قرآن کریم کا اسلوبِ خاص ہے، وہ لوگوں کو ایک صالح معاشرہ کی دعوت دیتا ہے۔ اکثر یہ سوال ذہن کے گوشے میں اٹھتا ہے کہ جب مسلمانوں کے پاس قرآن کریم کی شکل میں دستور حیات ہے، پھر وہ معاصی کا ارتکاب کیوں کرتے ہیں؟ اس کا واضح اور مبنی بر حقیقت جواب یہ ہے کہ جب مومن کے ایمان میں ضعف در آتاہے، شہوانی خواہشات اس پر غالب ہوجاتی ہیں، اُسی دم وہ شیطانی فریب کاریوں کا شکار ہوجاتا ہے، دنیاوی لذائذ میں غرق ہو کر آخرت سے غافل ہوجاتا ہے اور معاصی کے دلدل میں غرق ہو کر رہ جانا اس کی عادت سی بن جاتی ہے۔ قرآن کریم صرف بندوں کو راہ ہدایت پر گام زن ہی نہیں فرماتا ہے، بل کہ دینی ودنیوی ہر برائی کو ان سے بعید تر بھی کرتا ہے، ان کے وجود سے قبل ہی مومنین میں تنفر کا مزاج پیدا کر دیتا ہے اور پاکیزہ امور کی طرف ان کے دلی میلان کو خوب بڑھاوا دیتا ہے"۔ زیر تبصرہ کتاب عوام وخواص کے ساتھ خطبا حضرات کے لیے بھی نہایت مفید ہے کہ وہ اس کے مشمولات کو موضوع سخن بنا کر عوام کو گناہوں سے اجتناب پر ابھار سکتے ہیں۔ مؤلف ابوالفواد حضرت مولانا توحید احمد علیمی طرابلسی صاحب قبلہ نہایت مخلص، خلیق، ملنسار اور ہر ایک سے محبت کرنے والے ہیں، آپ دوران طالب علمی سے ہی کتابی ذوق وشوق رکھتے ہیں، قلم وقرطاس سے آپ کا گہرا تعلق رہا ہے، اب تک مخلتف موضوعات پر متعدد تحقیقی مقالات وکتابیں آپ کے نوک قلم سے منصہ شہود پر آچکی ہیں۔ اس دور میں کتابیں تحریر کرنا قدرے آسان ہے، لیکن اسے طبع کرانا "ناکوں چنے چبانے" کے مترادف ہے، الله بھلا کرے اور دین ودنیا کی برکات عطا کرے محترم حاجی محمد سردار خان رضوی صاحب ایکڈنگا کو جو زیر تبصرہ کتاب کو عوام تک پہنچانے کا ذریعہ بنے اور اپنے والد مرحوم عالی جناب محمد امان الله خان صاحب کے ایصال ثواب کی نیت رکھی، آپ کا یہ عمل قابل اتباع اور لائق ستائش ہے، مولی کریم آپ کے والد کو کروٹ کروٹ جنت عطا فرمائے، اور حشر کے روز آقائے دو جہاں باعث تخلیق کائنات احمد مصطفی محمد مجتبی صلی الله عليه وسلم کے زیر سایہ اٹھائے، اور حوض کوثر پہ ہم سب کو ملائے۔ الله رب العزت حضرت مولانا توحید احمد علیمی طرابلسی کی اس علمی اور حاجی صاحب کے مالی کاوش کو قبول فرما کر ذریعہ نجات بنائے اور دارین کی سعادتیں عطا فر ما کر ذہن وفکر میں وسعت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین! 24/11/21