الأربعاء، 6 ديسمبر 2023
شیخ الانبیاء حضرت نوح علیہ الصلاۃ والسلام کا اسلوب دعوت وتبلیغ
::: شیخ الانبیاء حضرت نوح علیہ السلام کا اسلوب دعوت و تبلیغ - ایک تعارف :::
انبیاءکرام میں حضرت نوح علیہ السلام کی دعوتی زندگی اپنی قوم کے لیے سب سے زیادہ مدت یعنی لگ بھگ ۹۵۰ سال تک رہی۔ قرآن مجید میں جن پانچ انبیاء کرام کو "اولوالعزم" قرار دیا گیا ہے، ان میں آپ کی ذات گرامی بھی ایک ہے، بلکہ اولو العزم انبیاء میں آپ ہی سرفہرست ہیں، اسی طرح قرآن مجید میں ایک مکمل سورت آپ کے نام گرامی سے موسوم ہے اور تقریبا 43 بار آپ کا اسم قرآن مجید میں مختلف مقامات پر بڑے ہی دل چسپ انداز میں آیا ہے۔
شیخ الانبیاء حضرت نوح علیہ السلام کی سیرت اور دعوتی اسلوب پر ہمارے محب گرامی علامہ توحید احمد طرابلسی صاحب* نے ایک جامع کتاب، 60 سے زائد مستند اور قیمتی مصادر و مراجع کی روشنی میں قلم بند فرمائی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد اور انوکھا کام ہے۔
کتاب کُل چھہ (6) ابواب پر مشتمل ہے۔ *پہلا باب* حیات نوح علیہ السلام پر مشتمل ہے۔ *دوسرا باب* حضرت نوح علیہ السلام کا مقصد بعثت کی تفاصیل پر لکھا گیا ہے۔ *تیسرا باب* حضرت نوح علیہ السلام کی داعیانہ صفات پر تحریر کیا گیا ہے۔ *چوتھا باب* قوم نوح کی صفات پر قلم بند کیا گیا ہے۔ *پانچواں باب* حضرت نوح علیہ السلام کے اہل خانہ کی بے وفائی کے داستان پر لکھا گیا ہے۔ *چھٹا باب* حضرت نوح علیہ السلام کے اسلوب دعوت و تبلیغ پر ۵ فصلوں میں تقسیم کرتے ہوئے لکھا گیا ہے۔ *پہلی فصل* میں حضرت نوح علیہ السلام کی مزاج شناسی پر ۵ مطالب پیش کیے گئے ہیں۔ *دوسری فصل* حضرت نوح علیہ السلام کو دی گئی بشارتوں پر مبنی ہے۔ *تیسری فصل* میں ترغیبات نوح علیہ السلام بیان کیے گئے ہیں۔ *چوتھی فصل* میں ترھیبات نوح علیہ السلام اور *پانچویں فصل* میں تفکیر نوح علیہ السلام پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ بقول بعض علما اور مشائخ یہ کتاب مولانا توحید احمد علیمی طرابلسی صاحب قبلہ کی اب تک کہ سب سے اہم اور اپنے موضوع پر اردو میں اولین کتاب ہے۔
کتاب پر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد شفیق الرحمن عزیزی مصباحی صاحب قبلہ (سربراہ اعلی دار العلوم علیمیہ، جمدا شاہی، انڈیا و مفتی اعظم ہالینڈ)، نوجوان ادیب و صحافی علامہ مولانا محسن رضا مصباحی صاحب اور علامہ مولانا اعجاز احمد نظامی جامعی صاحب قبلہ جیسے اکابر اور حساس علماے اہل سنت کی تقاریظ شامل ہیں۔
کتاب کا انتساب مؤلف نے اپنے مربی و استاذ حضرت علامہ مولانا محمد تفسیر القادری قیامی علیہ الرحمہ کے نام کیا ہے۔
میں نے اپنی عادت کے مطابق آخر میں مولانا موصوف کی تفصیلی پروفائل بھی شامل کرنا مناسب سمجھا، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں اور تحریری خدمات بھی اجاگر ہو جائیں، اور لوگ ان کی خاموش تحقیقی خدمات کے معترف بھی ہوں اور قدر دان بھی ہوں۔
مؤلف کتاب علامہ توحید احمد طرابلسی صاحب میرے اور میرے ادارے اشرفیہ اسلامک فاؤنڈیشن کے قدیم علمی معاون اور رفیق رہے ہیں۔ مولانا صاحب کے ساتھ مل کر کچھ ایک درجن سے زائد کتابوں پر کام کرنے اور تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا ہے، کچھ کتابیں ہمارے ادارے سے منظر عام پر بھی آچکی ہیں۔ بہت سی ان شاءاللہ تعالی اس سال اور اگلے سال تک سامنے آجائیں گی۔ امید ہے کہ یہ کتاب بھی موصوف کی سابقہ کتابوں کی طرح علمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے گی۔
بشارت علی صدیقی
اشرفیہ اسلامک فاؤنڈیشن،
حیدرآباد دکن
الاشتراك في:
تعليقات الرسالة (Atom)
ليست هناك تعليقات:
إرسال تعليق