التسميات

الأحد، 8 ديسمبر 2024

شیخ الانبیاء حضرت نوح علیہ السلام کا اسلوب دعوت وتبلیغ

حضرت علامہ مولانا ابو الفواد توحید احمد طرابلسی کی تصنیف "شیخ الانبیاء حضرت نوح علیہ السلام کا اسلوب دعوت وتبلیغ" کے کچھ حصوں کو پڑھ کر میں بےحد متاثر ہوا ہوں۔ یہ اپنے موضوع کے لحاظ سے ایک منفرد اور مثال کے طور پر پیش کی جانے والی کتاب ہے۔ مصنف نے اس میں نہ صرف حضرت نوح علیہ السلام کے دعوت و تبلیغ کے اسلوب پر گہری بصیرت کے ساتھ روشنی ڈالی ہے بلکہ اسے جدید دور کے تناظر میں بھی پیش کیا ہے۔ کتاب کے باب سوم نے خاص طور پر میری توجہ اپنی جانب مبذول کروائی، جہاں مصنف نے حضرت نوح علیہ السلام کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو نہایت دلکش انداز میں اجاگر کیا ہے۔ اس باب میں مصنف نے قرآن کی آیات کا حوالہ دے کر ان تمام باتوں کو اس قدر جامع اور گہرائی سے واضح کیا ہے ۔ توکل علی اللہ، صبر، شکر گزاری، ثابت قدمی، نرم گفتاری، اور مؤثر دعوت کے انمول اوصاف کو ایسے دلنشین انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ قاری نہ صرف متاثر ہوتا ہے بلکہ ان صفات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب بھی پاتا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف آپ کو دعوتِ دین کے اصول و آداب سکھاتی ہے بلکہ اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات کا حکمت و صبر سے سامنا کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہے۔ اگر آپ دین کے پیغام کو عام کرنے کی نیت رکھتے ہیں یا اپنے کردار و عمل میں نکھار لانا چاہتے ہیں تو یہ کتاب یقیناً آپ کے لیے ایک بہترین رہنما ثابت ہوگی۔ حضرت علامہ مولانا ابو الفواد توحید احمد طرابلسی ایک سنجیدہ، محنتی اور زبردست عالم دین ہیں۔ دار العلوم علیمیہ (جمداشاہی بستی) اور کلية الدعوة الإسلامية (طرابلس، لیبیا) جیسی معتبر درسگاہوں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنی علمی صلاحیتوں کو قلم کے ذریعے دنیا کے سامنے ایک منفرد علمی سرمایہ پیش کیا۔ ان کی یہ تصنیف نہ صرف ان کی گہری علمی بصیرت کا آئینہ دار ہے بلکہ ان کے تحقیقی ذوق اور فکری بلوغت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
میں حضرت کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ یہ قیمتی تحفہ مجھے دیا اور اس کتاب کے ذریعے ہمیں حضرت نوح علیہ السلام کی مبارک زندگی اور ان کی دعوتِ حق کے قیمتی اسباق کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ یہ تصنیف ان افراد کے لیے بے حد مفید ہے جو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں اور دین کی خدمت کے لیے عملی قدم اٹھانا چاہتے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ حضرت اپنی قلمی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے رہیں گے اور آئندہ بھی ایسے قیمتی کام پیش کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم محمد اویس رضوی صدیقی 8 دسمبر 2024

ليست هناك تعليقات:

إرسال تعليق