التسميات

الأربعاء، 17 يونيو 2026

علم وقلم کا ایک عہد اختتام پزیر

علم وقلم کا ایک عہد اختتام پذیر --------------------------------- رات کی خاموشی میں موصول ہونے والی ایک افسوس ناک خبر نے دل کو غمگین کر دیا۔ معلوم ہوا کہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے سینئر استاذ، علمی وادبی حلقوں کی ممتاز شخصیت اور ماہ نامہ اشرفیہ کے مدیر حضرت علامہ مولانا محمد مبارک حسین مصباحی صاحب اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون بعض شخصیات اپنی ذمہ داریوں اور خدمات کے سبب محض ایک فرد نہیں رہتیں بلکہ ایک فکر، ایک روایت اور ایک ادارے کی علامت بن جاتی ہیں۔ حضرت مولانا مبارک حسین مصباحی صاحب بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ آپ نے اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ درس وتدریس، تصنیف وتالیف اور علمی ورثے کی حفاظت وترویج میں صرف کیا۔ جامعہ اشرفیہ کے علمی ماحول سے وابستہ افراد بخوبی جانتے ہیں کہ حضرت کی ذات علم دوستی، سنجیدگی اور اخلاص کا حسین نمونہ تھی۔ آپ نے نہ صرف طلبہ کی علمی رہنمائی فرمائی بلکہ ان کی فکری واخلاقی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ آپ کی مجلسوں میں علم کی وقعت اور اہلِ علم کا احترام نمایاں نظر آتا تھا۔ ادارت کے میدان میں بھی آپ کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ آپ کی نگرانی میں ماہ نامہ اشرفیہ نے علمی وقار، تحقیقی معیار اور فکری اعتدال کی اپنی روایت کو برقرار رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ اہلِ علم کے درمیان اس رسالے کو اعتماد اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔ آج آپ کی رحلت کی خبر نے اہلِ اشرفیہ، تلامذہ، رفقائے کار اور محبین کے دلوں میں ایک خلا پیدا کر دیا ہے۔ ایسے اہلِ علم کی جدائی ہمیشہ محسوس کی جاتی ہے، کیوں کہ ان کا وجود صرف حال کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے پسماندگان، شاگردوں اور متعلقین کو صبر و استقامت نصیب فرمائے۔آمین ابو الفواد توحید احمد طرابلسی، ممبئی

ليست هناك تعليقات:

إرسال تعليق