التسميات

الجمعة، 13 نوفمبر 2026

ممبئی کی ایک یادگار حاضری اور ایک علمی تحفہ

ممبئی کی ایک یادگار حاضری اور ایک علمی تحفہ گزشتہ اتوار ممبئی کے قلب میں واقع تاریخی مینارہ مسجد جانے کا اتفاق ہوا۔ یہاں حضرت مفتی اعظم مولانا سید عبد الفتاح گلشن آبادی، المشتہر بہ سید اشرف علی علیہ الرحمۃ والرضوان، کا مزارِ مبارک واقع ہے۔ مسجد میں حاضری دی اور حضرت کے مزارِ اقدس پر فاتحہ خوانی کی سعادت حاصل ہوئی۔ مینارہ مسجد سے متصل مولا علی ریسرچ سینٹر بھی جانے کا موقع ملا، جہاں جناب ابوالفوائد مولانا محمد توحید طرابلسی صاحب سے ملاقات ہوئی۔ مولانا سے اچھی نشست رہی۔ وہ علم و تحقیق سے گہرا شغف رکھتے ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ اسی ملاقات کے دوران مولانا نے مولا علی ریسرچ سینٹر سے حال ہی میں شائع ہونے والی حضرت مفتی سید عبد الفتاح گلشن آبادی علیہ الرحمۃ کی تصنیف "جامع الفتاویٰ" کا ایک نسخہ بطورِ تحفہ عنایت فرمایا۔ کتاب ملنے پر بے حد خوشی ہوئی۔ مولانا توحید طرابلسی صاحب کی اس محبت اور عنایت کے لیے تہِ دل سے شکر گزار ہوں۔ اس کتاب سے میری ایک خاص نسبت بھی ہے۔ حضرت مفتی سید عبد الفتاح گلشن آبادی علیہ الرحمۃ میرے جدِ امجد حضور خواجہ بہار، حضرت سید عطا حسین فانی ابوالعلائی علیہ الرحمۃ والرضوان کے مرید و خلیفہ تھے۔ ان کے والد حضرت پیر خضر شعار، سید عبداللہ گلشن آبادی علیہ الرحمۃ، اور حضرت سید امام الدین گلشن آبادی رحمۃ اللہ علیہ بھی حضور خواجہ بہارؒ سے وابستۂ ارادت و خلافت تھے۔ اس سلسلے میں گلشن آبادی خاندان کی چند قدیم کتابوں میں اہم تاریخی معلومات ملتی ہیں۔ حضرت سید امام الدین گلشن آبادی نے اپنی کتاب "تذکرۃ الانسا ب" میں حضور خواجہ بہارؒ کا ذکر سید عبدالرزاق، عرف سید عطاء حسین ابوالعلائی، کے نام سے کیا ہے۔ اسی کتاب میں اپنے والدِ ماجد مفتی سید عبد الفتاح اور جدِ بزرگ سید عبداللہ حسینی کے آپ سے خرقۂ خلافت ابوالعلائیہ حاصل کرنے کا ذکر بھی کیا ہے، جو 1261ھ میں شہرِ ممبئی میں حاصل کیا گیا تھا۔ اسی طرح اپنی دوسری کتاب "برکاتِ اولیاء" میں بھی حضرت امام الدین گلشن آبادی نے حضور خواجہ بہارؒ کے روحانی فیوض و برکات کا ذکر کیا ہے۔ یہ کتاب 1322ھ میں شائع ہوئی تھی۔ مولانا سید بشیر احمد پیرزادہ نے بھی اپنی کتاب "حیاتِ اشرف" میں اپنے جدِ امجد حضرت مفتی سید عبد الفتاح گلشن آبادی علیہ الرحمۃ اور ان کے والد حضرت پیر خضر شعار، سید عبداللہ حسینی گلشن آبادی علیہ الرحمۃ، کو حضرت عبدالرزاق عرف سید عطا حسین ابوالعلائی علیہ الرحمۃ کا مرید و خلیفہ لکھا ہے۔ مزید یہ کہ حضرت مفتی عبد الفتاح گلشن آبادی کو ’’سید الخلفاء‘‘ اور حضرت سید عبداللہ حسینی کو ’’پیر خضر شعار‘‘ اور ’’معمر الخلفاء‘‘ کے القاب سے یاد کیا ہے۔ ایک بات ہمیشہ میرے لیے دلچسپی کا باعث رہی ہے کہ شہرِ گیا اور صوبۂ بہار میں حضور خواجہ بہارؒ، سید عطا حسین ابوالعلائی کے نام سے معروف ہیں، جب کہ ممبئی اور دکن کے قدیم تذکروں میں آپ کا نام سید عبدالرزاق کے طور پر بھی ملتا ہے۔ اس تاریخی نسبت کی تفصیلات ان قدیم کتابوں میں محفوظ ہیں۔ ممبئی کی اس حاضری نے اپنے اسلاف سے وابستہ کئی تاریخی یادوں کو تازہ کر دیا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان نفوسِ قدسیہ کے نقشِ قدم پر چلنے کی سعادت عطا فرمائے اور ان کے علمی و روحانی ورثے کو سمجھنے، محفوظ رکھنے اور آگے منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ مولانا محمد توحید طرابلسی صاحب کا ایک بار پھر تہِ دل سے شکریہ۔ سید عطا فیصل

ليست هناك تعليقات:

إرسال تعليق